میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایف بی آئی نے 82 سالہ تھامس مارکل کو حراست میں لے لیا، لاس اینجلس میں ان کے 2 اسٹوریج یونٹس سے 78 مشتبہ اشیا برآمد ہوئیں، ملزم الزامات کی تردید کرچکا ہے۔

latest urdu news

برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کو امریکا میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق 82 سالہ تھامس مارکل کو ریاست فلوریڈا میں ایک سینئر کیئر سینٹر سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف بچوں کی قابل اعتراض تصاویر رکھنے کے الزام میں وفاقی فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تفتیش کے دوران لاس اینجلس کے علاقے میں واقع تھامس مارکل کے 2 اسٹوریج یونٹس کی تلاشی لی گئی، جہاں سے تقریباً 78 مشتبہ اشیا قبضے میں لی گئیں۔ ان اشیا میں سلائیڈز، فلم نیگیٹوز اور کتابیں شامل ہیں، جن میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تصاویر موجود ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسٹوریج یونٹس سے 78 مشتبہ اشیا برآمد

امریکی حکام کے مطابق تھامس مارکل نے لاس اینجلس کے علاقے میں یہ دونوں اسٹوریج یونٹس تقریباً 2 دہائیوں سے کرائے پر لے رکھے تھے۔

امریکی محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے مواد میں بعض ایسی تصاویر بھی شامل ہیں جن میں کم عمر لڑکیوں کے ساتھ ایک بالغ شخص دکھائی دیتا ہے، جس کی شناخت تھامس مارکل کے طور پر کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکی استغاثہ کے مطابق تھامس مارکل پر بچوں کی قابل اعتراض تصاویر رکھنے کی ایک وفاقی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ حکام نے معاملے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

گرفتاری کے بعد تھامس مارکل کو فلوریڈا کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں الیکٹرانک نگرانی کی شرط پر دوبارہ نگہداشت کے مرکز بھیج دیا گیا۔ عدالت نے ان کی ذہنی صحت کا جائزہ لینے کے لیے نفسیاتی معائنے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ وہ عدالتی کارروائی کو سمجھنے اور اپنے وکیل کی معاونت کرنے کے قابل ہیں یا نہیں۔

بیٹے کے انکشاف کے بعد تحقیقات شروع ہوئیں

اس معاملے کا آغاز تھامس مارکل کے بیٹے تھامس جونیئر کے انکشاف کے بعد ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ فلپائن میں اپنے والد کی سابقہ رہائش گاہ کی صفائی کے دوران انہیں ڈبوں میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق بڑی تعداد میں تصاویر اور مواد ملا تھا۔

تھامس جونیئر نے اس حوالے سے فلپائن کے حکام کو اطلاع دی اور امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے بھی رابطہ کیا تھا۔

برطانیہ کے بادشاہ چارلس پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، میاں منشا

بعد ازاں فلپائنی حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں، جبکہ امریکی اداروں نے بھی دستیاب شواہد کا جائزہ لیا۔ اسی سلسلے میں لاس اینجلس کے اسٹوریج یونٹس کی تلاشی لی گئی، جہاں سے مشتبہ مواد برآمد ہوا۔

تھامس مارکل نے الزامات مسترد کردیے

دوسری جانب تھامس مارکل اس سے قبل اپنے بیٹے کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بیٹے کے الزامات سے شدید صدمہ پہنچا ہے اور یہ دعوے بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا تھا کہ 2025 میں میکسیکو چھوڑنے کے بعد کمپیوٹر اور دیگر متعلقہ سامان ان کے قبضے میں نہیں رہا تھا۔

تاہم امریکی حکام کی جانب سے تحقیقات اور گرفتاری کے بعد اب یہ معاملہ باقاعدہ عدالتی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔

میگھن مارکل کا والد سے تعلق ختم کرنے کی وجہ

میگھن مارکل نے گزشتہ ماہ اپنے والد کے خلاف سامنے آنے والے الزامات پر شدید صدمے اور پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچوں کے تحفظ اور ممکنہ متاثرین کے حوالے سے گہری تشویش ہے۔

میگھن کے مطابق انہیں 2019 میں لندن پولیس کو بھیجے گئے ایک خط کے ذریعے اپنے والد کے حوالے سے پریشان کن الزامات سے آگاہ کیا گیا تھا اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ والد سے دوری اختیار کرنے اور اپنے بچوں کو ان سے رابطے میں نہ رکھنے کا فیصلہ ان کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل نے 2018 میں برطانوی شہزادہ ہیری سے شادی کی تھی۔ تاہم شادی سے پہلے ہی والد اور بیٹی کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان رابطہ محدود ہوگیا۔

تھامس مارکل کے خلاف الزامات کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے جرم کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہی ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں