مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کا کیس، ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے مقدمے میں ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

latest urdu news

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار اپنے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ہمراہ وہیل چیئر پر عدالت پہنچے۔

سیالکوٹ میں بھگدڑ کا مقدمہ درج

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انصر محمود کے خلاف ضلع سیالکوٹ کے تھانہ موترہ میں مقدمہ درج ہے، جس میں قتل بالسبب، غیر قانونی اجتماع اور ہنگامہ آرائی سمیت الزامات شامل ہیں۔

مقدمے کے مطابق مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ اسی واقعے کے سلسلے میں ٹک ٹاکر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی عرف عائشہ فائرنگ سے جاں بحق

عدالت نے 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت دے دی

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا موقع دینے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ کیس کے میرٹس پر فیصلہ کیے بغیر انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے ریلیف دیا جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرے۔ حفاظتی ضمانت کے اس حکم کے تحت ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش ہوکر قانونی داد رسی حاصل کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں