فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں، ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے عزم پر بھی ثابت قدم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر منیجمنٹ اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور سرحدی انتظام پر بھی بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے میں فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا، فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہروقت چوکس اور آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔ کہا ملک اور عوام کے تحفظ کیلئے افسرون اور جوانوں کا عزم و حوصلہ لائق تحسین ہے۔
آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
