راولپنڈی: جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس کے باعث گوالمنڈی اور کٹاریاں کے نشیبی علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج سے بھی مدد طلب کرلی۔
رات ایک بجے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔
حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 17.5 فٹ تک پہنچ گئی۔ صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی 21.5 سے بڑھ کر 22 فٹ اور گوالمنڈی میں 15 سے 17.5 فٹ ہوگیا۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ گوالمنڈی اور کٹاریاں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد صورتحال بہتر
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے گولڑہ میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور ویلج میں 71، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 اور بوکرا آئی 12 میں 45 ملی میٹر بارش ہوئی۔
راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 59، پیرودھائی میں 51، شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 جبکہ کچہری چکلالہ کے قریب 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے اور خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
