جہلم: طبی تعلیم کے معیار، طلبہ کو دستیاب سہولیات اور تدریسی ماحول کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کالج آف نرسنگ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور گورنمنٹ اسکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز جہلم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اداروں کے پرنسپلز اور تدریسی عملے نے تعلیمی سرگرمیوں، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، لیبارٹریز، عملی تربیت کے انتظامات، صفائی ستھرائی اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے تعلیمی ماحول، تربیتی سہولیات اور دیگر ضروری امور کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی آراء بھی حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم، جدید طبی سہولیات اور بہترین عملی تربیت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور سازگار تعلیمی ماحول برقرار رکھنا مستقبل کے طبی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ صحت کے شعبے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور مستقبل میں عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس لیے ان کی تعلیم و تربیت کے معیار پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق طبی تعلیمی اداروں میں سہولیات، تدریسی معیار اور عملی تربیت کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ طبی تعلیم فراہم کی جا سکے۔
