اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کمزور ہوتی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ذاتی نوعیت کی تنقید اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد مودی حکومت کی داخلی اور عالمی سطح پر ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ان کے خلاف بیانات دے رہا ہے تو اس سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی بھی مودی کو ملنے والے بعض اعزازات پر سوالات اٹھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ بعض اعزازات یا تو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیے گئے یا پھر انہیں منظم انداز میں پیش کیا گیا تاکہ مودی کو عالمی رہنما کے طور پر نمایاں کیا جا سکے۔
خواجہ آصف کے بیان پر رانا ثناء اللہ کی وضاحت، اپنائیت کا اظہار قرار دے دیا
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ برطانوی اخبار "دی گارڈین” نے بھی ان اعزازات کی ساکھ سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کے بقول بیرون ملک اعزازات کے حصول کی کوششیں دراصل مودی کی کمزور ہوتی سیاسی ساکھ کو سہارا دینے کی کوشش ہیں۔
