مظفرگڑھ میں شہریوں کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کے الزام میں محکمہ سی سی ڈی کے پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا، جب پانچ اہلکاروں نے لنڈے کے کاروبار سے وابستہ ایک شہری اور اس کے ساتھی کو تحصیل جتوئی کے بازار سے مبینہ طور پر حراست میں لیا۔ الزام ہے کہ دونوں افراد کو ایک نجی مقام پر رکھا گیا، جہاں انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
تحقیقات کے مطابق متاثرہ افراد کی رہائی مبینہ طور پر 12 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی۔ واقعہ سامنے آنے پر سی سی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین اہلکاروں کو حراست میں لے کر معطل کر دیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کیخلاف بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔
لاہور میں سی سی ڈی کی کارروائیاں، مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 افراد ہلاک
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
