اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے مطابق پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہونی چاہیے تھی، تاہم حکومت کی جانب سے صرف ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ فیصلہ عوام دشمن پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ کر کے عوام کو ریلیف دینے کا موقع ضائع کیا ہے۔
پٹرول مزید سستا کیا جائے، قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ: حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کرپشن کا مرکز بن چکا ہے، جبکہ لیوی کے نام پر غریب اور متوسط طبقے سے اضافی بوجھ وصول کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا، اسی لیے جماعت اسلامی آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے گی تاکہ عوامی مطالبات کو مؤثر انداز میں سامنے لایا جا سکے۔
