جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت منعقدہ فالو اپ جائزہ اجلاس میں للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے کو ہر صورت دسمبر 2026ء تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت، گزشتہ ہفتے ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور بروقت تکمیل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تقریباً 100 کلومیٹر طویل دو رویہ شاہراہ کی تعمیر، بجلی کے کھمبوں کی منتقلی، ریلوے کراسنگز کی توسیع، ہائی وولٹیج بجلی کی لائنوں کی منتقلی اور دیگر تکنیکی امور پر متعلقہ محکموں نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر منصوبے میں حائل تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے، بین الادارہ رابطہ مزید مؤثر بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل تعاون کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے کی تکمیل سے لاکھوں شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ یہ منصوبہ علاقائی ترقی، تجارتی سرگرمیوں اور معاشی خوشحالی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
جہلم میں الیکٹرک بس سروس کے روٹس میں اہم تبدیلیاں اور توسیع
اجلاس میں وزارتِ توانائی، وزارتِ ریلوے، ضلعی انتظامیہ جہلم، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO)، محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو)، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ طالب مہدی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس کے دوران پنڈ دادنخان اور ہرن پور میں واقع دو ریلوے کراسنگز کی توسیع اور ہائی وولٹیج بجلی کی لائنوں کی منتقلی کے عمل کو بھی حتمی شکل دے دی گئی، جس سے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز ہونے کی توقع ظاہر کی گئی۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی گزشتہ ہفتے بھی جہلم میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں للہ تا جہلم روڈ کی تعمیر، جہلم ماڈل بازار، ضلع کی پہلی کوورکنگ اسپیس اینڈ جاب سینٹر اور جہلم ہیریٹیج اینڈ کلچر بورڈ کے قیام سمیت متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع جہلم میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے عوام کو معیاری اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
