لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں غفلت اور غیر محفوظ تعمیراتی سرگرمیوں کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ 8 بچے زخمی ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عمارت کی چھت پر جاری مرمتی اور تعمیراتی کام کے باعث وزن بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں چھت زمین بوس ہو گئی اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
پولیس نے مقدمے میں مکان مالک سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تحقیقات کے مطابق ٹیوشن سینٹر ایک سنگل اسٹوری عمارت میں قائم تھا، جہاں چھت پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکنے کے باعث گارڈر ٹوٹ گیا، جس سے پوری چھت اچانک نیچے آ گری۔
یاد رہے کہ اس المناک حادثے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی، جبکہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
