اوگرا کے مقررہ نرخ نظر انداز، جہلم میں ایل پی جی 600 روپے فی کلو سے تجاوز، شہری سراپا احتجاج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت مقرر کیے جانے کے باوجود مبینہ طور پر منافع خور مافیا نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔

latest urdu news

رپورٹ کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 306 روپے 76 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں دکاندار مبینہ طور پر ایل پی جی 600 روپے فی کلو سے بھی زائد نرخ پر فروخت کر رہے ہیں، جس سے غریب، متوسط اور دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کی عدم مؤثر کارروائی کے باعث بازاروں میں ایل پی جی سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف ضلع بھر میں سوئی گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ دوسری جانب سرکاری نرخ پر ایل پی جی کی عدم دستیابی نے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مکانوں کے کرایوں، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، مختلف ٹیکسوں اور مسلسل مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور بہت سے خاندانوں کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی متعدد شہریوں اور صارفین نے ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مبینہ ناجائز اضافے اور کھلے عام منافع خوری کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی، جس کے باعث قانون شکن عناصر بلاخوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جہلم میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 4 ہزار روپے تک جا پہنچی، سرکاری نرخ نظر انداز، شہری پریشان

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، غیر قانونی منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی نگرانی میں ایک مؤثر مانیٹرنگ نظام قائم کیا جائے تاکہ صارفین کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

شہریوں نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے بھی فوری نوٹس لینے اور عوام کو مہنگی ایل پی جی سے نجات دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter