شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ Mamia Shah Jaffar اور اداکار Arslan Butt کے درمیان ہراسانی کے الزامات کے حوالے سے جاری تنازع باہمی اتفاق رائے سے ختم ہو گیا ہے۔ دونوں فریقین نے تمام قانونی اور دیگر معاملات خوش اسلوبی سے نمٹانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس پیش رفت کا اعلان ارسلان بٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جہاں انہوں نے فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ اس معاملے پر مزید قیاس آرائیوں اور بحث سے گریز کیا جائے۔
معاہدے کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ان کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیاں، اختلافات اور قانونی تنازعات باہمی مشاورت سے حل کر لیے گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ارسلان بٹ نے اس معاملے سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں متعلقہ اداروں کے سامنے درج شکایات اور ہتکِ عزت کے دعوے بھی شامل ہیں۔
دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تصفیہ کسی بھی فریق کی جانب سے الزامات کو تسلیم کرنے یا کسی غلط طرزِ عمل کے اعتراف کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا، بلکہ یہ صرف تنازع کے باہمی حل کی علامت ہے۔
View this post on Instagram
یاد رہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب Mamia Shah Jaffar نے ایک پوڈکاسٹ گفتگو میں ایک پراجیکٹ کے دوران پیش آنے والے بعض واقعات کا ذکر کیا تھا، جس پر ارسلان بٹ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔ اب عدالت سے باہر تصفیے کے بعد دونوں فریقین نے معاملے کو مکمل طور پر ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
