جہلم میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے "سچا کنڈا” پوائنٹس قائم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز جہلم انجینئر عمر فاروق عزیز نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ویٹس اینڈ میژرز قوانین پر عملدرآمد اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

latest urdu news

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انڈسٹریز کی جانب سے عوام کو درست وزن و پیمائش کی سہولیات فراہم کرنے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے شہر کے اہم تجارتی مراکز اور نمایاں مقامات پر "سچا کنڈا” پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر شہری اپنی خریدی گئی اشیاء کا وزن چیک کرکے اس کی تصدیق کر سکتے ہیں اور کسی بھی بے ضابطگی یا شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر سکتے ہیں۔

محکمہ انڈسٹریز کے مطابق سچا کنڈا سہولت مراکز ایم سی سی مارٹ جی ٹی روڈ جہلم، سویٹ پیلس ریلوے روڈ ماڈل کالونی اور محلہ اسلام پورہ سول لائنز جہلم (بالمقابل جمخانہ) میں قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو درست وزن و پیمائش کی سہولت باآسانی دستیاب ہو سکے۔

دورے کے دوران انجینئر عمر فاروق عزیز نے مختلف کاروباری مراکز، دکانوں اور مارکیٹوں میں وزن و پیمائش کے آلات کا معائنہ بھی کیا اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ قوانین کے مطابق تصدیق شدہ آلات استعمال کریں تاکہ صارفین کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جہلم میں دن دیہاڑے پولیس اہلکار لٹ گئے، ملزمان اسلحہ چھین کر فرار

ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم اور محکمہ انڈسٹریز شفافیت، درست وزن و پیمائش اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال رکھنے اور منصفانہ تجارتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خریداری کے دوران اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور اگر کہیں وزن یا پیمائش میں کمی بیشی محسوس ہو تو سچا کنڈا مراکز سے فائدہ اٹھائیں یا متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter