امریکی نائب صدر JD Vance کا متوقع دورۂ پاکستان فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ ایران کی جانب سے مذاکراتی عمل پر واضح ردعمل کا نہ آنا بتایا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی خاموشی کے باعث مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں پیش رفت ممکن نہ ہو سکی، جس کے نتیجے میں یہ دورہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ مستقبل قریب میں کسی بھی وقت دوبارہ طے کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل CNN نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس کی پاکستان روانگی کے حوالے سے کوئی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس میں مزید پالیسی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں نائب صدر خود شریک ہوں گے اور آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پہلے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جے ڈی وینس اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔ Associated Press کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے ایسے اشارے مل رہے تھے کہ وہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے سے پہلے مذاکرات کی میز پر آ سکتے ہیں۔
جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار، روانگی تاحال نہ ہو سکی
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان Esmail Baghaei نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات میں شرکت کے لیے وفد بھیجنے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے حالیہ اقدامات، جنہیں انہوں نے سمندر میں بحری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی قرار دیا، صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل عارضی جنگ بندی اپنی مدت پوری کرنے کے قریب ہے، جس کے باعث خطے میں سفارتی سرگرمیاں اور غیر یقینی صورتحال دونوں بڑھ گئی ہیں۔
