ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ بندی ایران کے اصولی مؤقف کے مطابق ہے اور یہ قومی قربانیوں اور عوامی اتحاد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ یہ پیش رفت عظیم شہید رہنما علی خامنہ ای کے خون کا ثمر ہے۔
صدر مسعود پزشکیان کے مطابق جنگ بندی دراصل ایرانی عوام کی بھرپور شرکت، حوصلے اور اتحاد کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اب ایران سفارتکاری اور دفاع کے دونوں محاذوں پر مزید مضبوط اور متحد ہو کر آگے بڑھے گا۔
شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کا رابطہ، وفد کی اسلام آباد آمد کی تصدیق
مزید برآں، مسعود پزشکیان نے تصدیق کی کہ پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد ایرانی وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا تاکہ آئندہ مذاکرات میں شرکت کی جا سکے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ موقف اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ جنگ بندی کو اپنی داخلی طاقت اور عوامی حمایت کا نتیجہ قرار دے رہا ہے، جبکہ پاکستان ایک مؤثر ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
