پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر بتایا کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر ایک دوسرے کے لیے نیک تمناؤں کا بھی تبادلہ کیا۔ شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، شاہی خاندان اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایران سے مذاکرات میں پیش رفت قریب:ٹرمپ کا دعویٰ
شہباز شریف نے سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے، فوری جنگ بندی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ولی عہد کو امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت اور قریبی رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
