جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے فیلڈ آفس کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عید الفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے میں عید چیک تقسیم کیے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے نظام کا مشاہدہ کیا اور شہر بھر میں جاری صفائی آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے ایام میں صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ورکرز اور صفائی عملے میں عید چیک تقسیم کیے اور ان کی خدمات کو سراہا۔
جہلم میں پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کارروائی، بہاولپور میں شہری کو کچلنے والا ٹرالا ڈرائیور گرفتار
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف کا کہنا تھا کہ عید جیسے بڑے تہوار پر شہر کی صفائی کو برقرار رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں آر ڈبلیو ایم سی کا عملہ قابلِ تحسین کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے وژن کے مطابق عملے کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
