ایران کے دارالحکومت تہران میں منگل کی صبح ہونے والے تازہ حملوں کے بعد مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف حصے شدید بمباری کی زد میں ہیں۔ رہائشیوں کے مطابق گزشتہ رات شہر میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور لڑاکا طیاروں کی پرواز کے باعث لوگ ساری رات جاگتے رہے۔
تہران کے متعدد شہریوں نے بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق جنگی طیارے انتہائی کم بلندی پر پرواز کرتے رہے جس کے باعث ان کی گرجدار آوازیں مسلسل سنائی دیتی رہیں اور خوف و ہراس کی فضا قائم رہی۔
کچھ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حملوں کے دوران کئی زور دار دھماکے ہوئے جس سے شہر کے مختلف حصوں میں لوگوں میں تشویش پھیل گئی اور بہت سے افراد نے حفاظتی مقامات کا رخ کیا۔
سعودی عرب کا ایران کو سخت پیغام، حملے جاری رہے تو تہران کو نتائج بھگتنا ہوں گے
ادھر ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے ایک رپورٹر نے بھی مشرقی تہران میں حملوں کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق حملوں میں ایک صنعتی مرکز کے ساتھ ساتھ قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
