پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
مصر میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں کامیاب کارکردگی کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کرن ڈار، وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام بھی موجود تھے۔
کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے، ان پر پھول نچھاور کیے گئے اور ہار پہنا کر ان کی کامیابی کو سراہا گیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر 2026 مصر میں کھیلے گی
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے بھی ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب آئندہ مقابلوں کے لیے مزید محنت اور تیاری کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کو پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کے لیے بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں بیلجیئم، اسپین، بھارت اور انگلینڈ کے خلاف اہم میچز کھیلے گی۔
