جہلم میں موجودہ ملکی صورتحال اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں اسپیشل سرچ آپریشنز اور مؤثر ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تمام سرکلز کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس ٹیمیں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں منظم انداز میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور دیگر اہم تنصیبات کی جامع چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
سرچ آپریشنز کے دوران مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک تصدیق، کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ پڑتال اور اسلحہ کی نمائش پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کر کے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مسافروں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم کی تھانہ دینہ میں کھلی کچہری،شہریوں کے مسائل موقع پر حل کرنے کی ہدایات
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر، جرائم پیشہ افراد اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
پولیس حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں اور سیکیورٹی اقدامات کے دوران پولیس سے تعاون کریں تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
