عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے بجٹ میں حالیہ اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے ساتھ ہی پروگرام کی امداد میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت بھی محسوس کی ہے۔ بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں بےنظیر کفالت پروگرام کی رقم کم ہے، تاہم صارفین کی قوتِ خرید برقرار رکھنے کے لیے مراعات میں اضافہ ضروری ہے۔
نقد امداد اور کفالت پروگرام میں اضافہ
آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ غیر مشروط نقد امداد کی رقم 13,500 روپے سے بڑھا کر 14,500 روپے کی جائے۔ اس کے علاوہ، کفالت پروگرام کی کوریج میں کم از کم 2 لاکھ خاندانوں کا اضافہ کیا جائے تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کی کھپت میں 15 فیصد تک اضافہ ممکن ہو سکے۔
بجٹ میں اضافے اور افراطِ زر کے مطابق ایڈجسٹمنٹ
رپورٹ کے مطابق BISP کے بجٹ میں امدادی پروگراموں پر 20 فیصد اضافے کے بعد کفالت پروگرام کے تحت نقد کیش امداد بڑھائی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف نے افراطِ زر کے مطابق امدادی رقم میں ایڈجسٹمنٹ کی بھی سفارش کی ہے تاکہ مالی سال 2026 تک مستفید خاندانوں کی تعداد 10.2 ملین تک پہنچ سکے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے لیے بیرون ملک روزگار کے دروازے کھلنے لگے
کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام کی توسیع
آئی ایم ایف نے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام کی کوریج بڑھانے کی بھی سفارش کی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق BISP کے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر کے بجٹ کا مکمل استعمال نہایت اہم ہے تاکہ مستحق خاندانوں تک امداد بروقت پہنچ سکے۔
