شکست خوردہ بھارتی عسکری قیادت کی پاکستان کیخلاف ایک بار پھر گیدڑ بھپکیاں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی عسکری قیادت نے ایک بار پھر جنگی جنون اور اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔ بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے راجستھان میں فوجیوں سے خطاب کے دوران ہرزہ سرائی کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے سے دھمکیاں دیں اور کہا کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردوں کی حمایت ترک کرے۔

latest urdu news

جنرل اوپندر دویدی نے "آپریشن سندور” میں فوج کے مبینہ ضبط کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ ایسی "برداشت” کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، اور بھارتی فوج کو ہر قسم کی کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان بیانات کو مبصرین ایک بار پھر داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے اور عوامی جذبات کو بھڑکانے کی ناکام کوشش قرار دے رہے ہیں۔

اسی دوران بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ مئی 2025 کے پاک بھارت تنازع کے دوران بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے جن میں ایف-16 اور جے ایف-17 تھنڈر شامل تھے۔ تاہم جب صحافیوں نے ان دعووں پر سوالات اٹھائے اور پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے پر رائے مانگی تو بھارتی ائیر چیف نے کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف پہلے ہی بھارت کو چیلنج دے چکے ہیں کہ دونوں ممالک اپنے جنگی طیاروں کے ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کرالیں تاکہ سچ سامنے آ سکے۔ اس چیلنج پر بھارت کی خاموشی ان کے دعووں کی حقیقت پر سوالیہ نشان ہے۔

واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ نے پاکستان میں کئی شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ تاہم پاک فضائیہ نے نہ صرف فوری جوابی کارروائی کی بلکہ بھارت کے 7 طیاروں کو تباہ کیا، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کے بعد بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرون اور میزائل حملوں کا سہارا لیا، جس کے جواب میں پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے تحت بھارت کے فوجی ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

عسکری ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیاں دراصل اندرونی سیاسی دباؤ اور اپنی عسکری ناکامیوں کو چھپانے کا ہتھکنڈہ ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter