پیپلز پارٹی فی الحال حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، شرجیل میمن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فی الحال وفاقی حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیپلز پارٹی کو حکومت میں شمولیت کی کوئی باقاعدہ دعوت نہیں دی گئی، البتہ اگر مستقبل میں ایسا کوئی رسمی پیغام موصول ہوا تو پارٹی اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

latest urdu news

شرجیل میمن نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک "سیاسی حقیقت” تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام ہر جماعت پر لازم ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چاہیے کہ وہ منفی سیاست ترک کریں اور تعمیری طرزِ سیاست اپنائیں، کیونکہ پی ٹی آئی ملک کے اندر اور بیرونِ ملک پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔ پارٹی قیادت کو چاہیے کہ اپنے رویے میں سنجیدہ تبدیلی لائے۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری انداز میں سیاست کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ عدالتیں صرف آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں گی، نہ کہ کسی فردِ واحد کی خواہش پر۔

سانحہ سوات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات پر سیاست چمکانے کے بجائے انتظامی غفلت کی غیر جانب دار تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیر و تفریح کے لیے جانے والے افراد کی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی سانحہ ہے، تاہم اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ہٹانے کے مطالبات غیر مناسب ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وفاقی حکومت میں ممکنہ رد و بدل کی خبریں گردش کر رہی ہیں، اور کئی حلقے پیپلز پارٹی کی وفاق میں شمولیت کے امکانات پر گفتگو کر رہے ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما بارہا واضح کر چکے ہیں کہ وہ محض اقتدار کی خاطر حکومت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter