منڈی بہاءالدین کے علاقے کدھر شریف میں خراب مشروب پینے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زیر علاج ہے، پولیس نے دکاندار سمیت 2 افراد گرفتار کر لیے۔
منڈی بہاءالدین،پنجاب کے ضلع منڈی بہاءالدین میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں خراب مشروب پینے سے تین کمسن طالبعلم جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ واقعہ منڈی بہاءالدین کے علاقے کدھر شریف میں پیش آیا جہاں ایک مدرسے میں زیر تعلیم بچوں نے مبینہ طور پر قریبی دکان سے شربت کا پاؤڈر خریدا اور پینے کے فوری بعد ان کی حالت غیر ہو گئی۔
ایس ایچ او تھانہ کٹھیالہ شیخاں محمد آصف رانجھا کے مطابق متاثرہ بچوں نے محلے کی ایک دکان سے مشروب کا پاؤڈر خریدا تھا، مشروب پینے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تین بچوں کو بچایا نہ جا سکا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 11 سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جبکہ ایک بچہ اب بھی زیرِ علاج ہے۔
پولیس نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئےدکاندار سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتارکر لیا ہے، جاں بحق بچوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مشروب کے نمونوں کو فارنزک تجزیے کے لیے بھیجا جا رہا ہے تاکہ اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں غیرمعیاری اور ناقص اشیائے خوردونوش کی فروخت ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جہاں ناقص اشیاء کے باعث ماضی میں بھی متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ یہ واقعہ انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹیز کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ کس طرح چھوٹے شہروں میں غیر رجسٹرڈ مصنوعات کھلے عام بچوں تک پہنچ رہی ہیں، اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔