مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم کا دورہ، سیف سٹی، خواتین پولیس اسٹیشن اور محرم سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ۔
جہلم: مشیر صحت پنجاب جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم کا دورہ کیا، جہاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے مشیر صحت پنجاب کو محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی، سیف سٹی پروجیکٹ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، اور سپیشل انیشییٹو پولیس اسٹیشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع جہلم میں جدید پولیسنگ کے اقدامات نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے باعث نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے بلکہ پولیس کی کارکردگی میں بھی واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
اس موقع پر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا: "جہلم میں سیف سٹی سسٹم اور دیگر جدید اقدامات، محفوظ پنجاب کے خواب کی عملی تعبیر ہیں۔ یہ حکومتی وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ: "وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلع میں سپیشل انیشییٹو پولیس اسٹیشنز، خدمت مراکز، تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کو جدید، شفاف اور شہری دوست ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ عوام کو دہلیز پر سروس ڈیلیوری یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔”
بعد ازاں مشیر صحت پنجاب نے جہلم پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی، امن و امان کے قیام اور جدید سہولیات کی فراہمی پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو کی کوششوں کو سراہا۔