گجرات کے علاقے کنجاہ میں ون ڈش اور وقت کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے مارکی پر رات گئے چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا۔
گجرات، اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے رات گئے کنجاہ میں ایک مارکی پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں ون ڈش پالیسی اور وقت کی پابندی کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری اقدام کرتے ہوئے مارکی کو سیل کر دیا گیا۔
بلال زبیر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور دیگر تقریبات کی نگرانی کی جا رہی ہے، اور ون ڈش پالیسی یا وقت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے مارکی انتظامیہ کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی قسم کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے سادگی کو فروغ دینے اور فضول خرچی کی روک تھام کے لیے ون ڈش اور وقت کی سخت پالیسی نافذ کر رکھی ہے، جس کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کو فوری ایکشن کا اختیار دیا گیا ہے۔