پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے عمر کی بالائی حد میں نرمی کی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری پوسٹوں پر 10 سال تک کی رعایت دی جا سکے گی۔
اس حوالے سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی پوسٹوں کے لیے امیدواروں کو عمر میں 10 سال تک نرمی دی جا سکتی ہے۔
اسی طرح گریڈ 16 اور اس سے کم کی سیکرٹریٹ پوسٹوں پر بھی اسی نوعیت کی نرمی کا اطلاق ہوگا۔ غیر سیکرٹریٹ پوسٹوں کے لیے نرمی کی منظوری کا اختیار ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری یا متعلقہ اتھارٹی کے پاس ہوگا۔
نئی پالیسی میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کی بیواؤں، بیٹوں یا بیٹیوں کو بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔
یہ ترمیم خیبرپختونخوا سول سرونٹس رولز 2008 میں کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو مواقع میسر آ سکیں، خاص طور پر اُن نوجوانوں کو جو ماضی میں ملازمت کی عمر کی حد پار کر چکے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری میں سندھ حکومت نے بھی عمر کی حد میں نرمی کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کی زیادہ سے زیادہ عمر 28 سال سے بڑھا کر 33 سال کر دی تھی، تاہم یہ رعایت سندھ پولیس اور پبلک سروس کمیشن کی نوکریوں پر لاگو نہیں کی گئی تھی۔