کوہستان کرپشن سکینڈل: نیب نے اعظم سواتی کو 23 جون کو طلب کر لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیب نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو کوہستان کرپشن کیس میں 23 جون کو پشاور دفتر طلب کر لیا، ان کی کمپنی کا 2024 کا مکمل مالیاتی ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا۔

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان کرپشن اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو 23 جون کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، اعظم سواتی کو ان کی تعمیراتی فرم "کوہستان ایسوسی ایٹس اینڈ بلڈرز” سے متعلق سال 2024 کا مکمل مالیاتی ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

latest urdu news

یہ نوٹس کوہستان کے ضلعی اکاؤنٹس آفس کے افسران اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف جاری تحقیقات کے تناظر میں بھیجا گیا ہے۔ نیب کے مطابق اس مقدمے میں حکومتی فنڈز کی غیر قانونی واپسی اور بدعنوانی کے سنگین الزامات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ بیورو نے نیشنل احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 19 کے تحت یہ تحقیقات شروع کی ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے پاس اس کیس سے متعلق کلیدی شواہد اور مالی دستاویزات موجود ہیں، اس لیے ان کی موجودگی تفتیش میں ناگزیر ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 23 جون کو صبح 11 بجے نیب کے پشاور دفتر میں پیش ہوں اور 2024 کے دوران ان کی فرم کو موصول ہونے والی رقوم کی تفصیلات فراہم کریں۔

نیب نے مزید خبردار کیا ہے کہ اگر اعظم سواتی اس نوٹس پر عمل درآمد میں ناکام رہے تو ان کے خلاف نیشنل احتساب آرڈیننس کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جو گرفتاری اور دیگر سخت اقدامات پر بھی منتج ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ کوہستان کرپشن اسکینڈل کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں فنڈز کے غیر شفاف استعمال اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے مالی فائدے حاصل کرنے کے الزامات کی بنیاد پر نیب نے حالیہ مہینوں میں کئی افراد سے تحقیقات کی ہیں۔ اب سابق وزیر اعظم سواتی بھی اس دائرہ کار میں شامل ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter