اسلام آباد: پاکستان میں تقریباً ایک دہائی تک سروس فراہم کرنے کے بعد معروف آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے ملک بھر میں اپنی رائیڈ ہیلنگ سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کریم کے سی ای او مدثر شیخہ نے اس فیصلے کا اعلان ایک لنکڈ اِن پوسٹ کے ذریعے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ فیصلہ انتہائی مشکل تھا، لیکن موجودہ معاشی صورتحال، کاروباری لاگت میں اضافہ، بڑھتی ہوئی مسابقت، اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں مزید کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔”
مدثر شیخہ نے تصدیق کی کہ کریم 18 جولائی 2025 سے پاکستان میں اپنی ٹیکسی سروس مکمل طور پر بند کر دے گی۔
کریم نے 2015 میں پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کیا تھا اور شہری ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد رکھی۔ ابتدائی چند برسوں میں کمپنی نے لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں تیز رفتاری سے مقبولیت حاصل کی۔
کریم کے اس فیصلے سے ہزاروں ڈرائیور پارٹنرز اور صارفین متاثر ہوں گے جو روزانہ سفری ضروریات کے لیے اس سروس پر انحصار کرتے تھے۔ کمپنی کی جانب سے سروس بند کرنے کے بعد متبادل سفری سہولیات کی دستیابی ایک چیلنج بن سکتی ہے۔
ابھی تک کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ دیگر کریم سروسز (جیسے فوڈ یا ڈیلیوری) جاری رہیں گی یا نہیں۔