منگل, 17 جون , 2025

بلوچستان کے ساحل پر 35 فٹ لمبی بلیو وہیل مردہ حالت میں پائی گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوادر، بحیرہ عرب میں پاکستان اور ایران کے ساحلی علاقے گوٹر بے میں دنیا کی سب سے بڑی سمندری مخلوق بلیو وہیل مردہ حالت میں پائی گئی، جس پر ماہرینِ سمندری حیات نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحول (WWF) کے مطابق بلوچستان کے ماہی گیر احمد بلوچ نے کنتانی کے قریب اس نایاب بلیو وہیل کو ساحل پر مردہ حالت میں دیکھا۔ مقامی افراد کے مطابق یہ وہیل کم از کم 35 فٹ لمبی ہے، جو ایک جوان بلیو وہیل کے قریب قریب قد کاٹھ رکھتی ہے۔

latest urdu news

WWF کے تکنیکی مشیر معظم خان نے اس افسوسناک واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ وہیل چند روز قبل پاکستان اور ایران کے درمیان کھلے سمندر میں ہلاک ہوئی ہو، جس کے بعد تیز لہریں اور سمندری بہاؤ اسے گوٹر بے کے کنارے تک لے آئے۔ ان کے مطابق وہیل کی موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ماہی گیری کے دوران سمندر میں ڈالے گئے جال میں پھنس کر جان سے گئی ہو، کیونکہ اس خطے میں جالوں کا استعمال عام ہے۔

بلیو وہیل پاکستان کے ساحلی پانیوں میں پائی جانے والی تین بڑی بیلین وہیلز میں سے ایک ہے، جس کی لمبائی 100 فٹ اور وزن 200 ٹن تک ہو سکتا ہے۔ آخری بار بلیو وہیل 8 اپریل 2024 کو بلوچستان کے علاقے گڈانی کے قریب دیکھی گئی تھی۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اس سے قبل بھی نایاب وہیلز مردہ حالت میں مل چکی ہیں، جن میں گوادر کے قریب 31 فٹ لمبی وہیل اور ایک اور موقع پر 27 فٹ لمبی وہیل کی ہلاکت شامل ہے۔ یہ واقعات ماحولیاتی ماہرین کے لیے ایک سنجیدہ خطرے کی گھنٹی ہیں، جو اس خطے کے بحری ماحولیاتی نظام میں گہرے بگاڑ کی نشاندہی کرتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter