اسرائیل نے ایران کیلئے جاسوسی کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کیا، جبکہ ایران نے بھی موساد سے تعلق رکھنے والے2افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
تل ابیب / تہران،اسرائیل اور ایران کے درمیان خفیہ جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ان افراد کو ہفتے کے روز اسرائیل کی داخلی خفیہ ایجنسی شاباک (شین بیت) اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں حراست میں لیا۔
گرفتار افراد کی شناخت یا ان سے منسوب الزامات کی مزید تفصیلات جاری کرنے پر فی الحال پابندی عائد ہے،ان گرفتاریوں کا وقت خاصا اہم ہے کیونکہ یہ کارروائی ایران پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے محض ایک دن بعد عمل میں لائی گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان افراد کو صوبہ البرز میں واقع ایک ’سیف ہاؤس‘ سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ موساد کے لیے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے۔
ایران کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ افراد داخلی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازش میں ملوث تھے، اور انہیں خفیہ نگرانی کے بعد گرفتار کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کئی سالوں سے ایک ’سایہ دار جنگ‘ جاری ہے، جس میں سائبر حملے، خفیہ آپریشنز، اور پراکسی جنگیں شامل ہیں۔ حالیہ گرفتاریوں سے یہ خفیہ جنگ مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے، اور خطے میں سیکیورٹی کے حالات مزید غیر یقینی ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے لگاتار ایسے دعوے اور گرفتاریاں تعلقات میں کشیدگی کو نئے موڑ پر لے جا سکتی ہیں۔