لارڈز میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی مشہور کور ڈرائیو ایک بار پھر کرکٹ مباحثے کا مرکز بن گئی۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے میں معروف انگلش کمنٹیٹر ناصر حسین نے بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک کی تعریف کی، جس سے ان کا دیرینہ مداح ہونا ایک بار پھر ظاہر ہوا۔
ناصر حسین نے میچ کے دوران آسٹریلوی بیٹر مارنس لیبوشین اور جنوبی افریقی کھلاڑی ریان رکلٹن کے آؤٹ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بیٹرز نے کور ڈرائیو کھیلتے ہوئے اپنی وکٹیں گنوائیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا،
"ٹھیک ہے، کور ڈرائیو ایک خوبصورت شاٹ ہے، لیکن اس کے لیے مکمل توازن اور آنکھ و ہاتھ کا بہترین تال میل ضروری ہے۔ ایسے میں ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا نام ذہن میں آتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما نے وہی شاٹ کھیلتے ہوئے درست ہینڈ آئی کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کیا، جب کہ لیبوشین اور رکلٹن کی تکنیک میں یہی عنصر کمی کا باعث بنا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ناصر حسین نے بابر اعظم کی بیٹنگ کا سحر انگیز انداز میں تذکرہ کیا ہو۔ 2022 میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی بچے کو کور ڈرائیو سکھانی ہو، تو وہ بابر اعظم کا اسٹائل بطور نمونہ دکھائیں گے۔
کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیج پر بابر اعظم کا تذکرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی بیٹنگ مہارت اور خاص طور پر کور ڈرائیو عالمی سطح پر آج بھی نقوش چھوڑ رہی ہے۔