ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق 9 سے 12 جون کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے، جو کہ موسم کو مزید سخت اور خشک بنا سکتا ہے۔

latest urdu news

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور پشاور سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو انسانی صحت اور روزمرہ زندگی پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ گرد آلود ہواؤں کے چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات گرم اور خشک رہیں گے۔

بالائی علاقوں جیسے چترال، دیر، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت جزوی بارش کا امکان ہے، تاہم دن کے وقت موسم گرم اور خشک ہی رہے گا۔ جی بی میں شام کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ حال ہی میں فیڈرل فلڈ کمیشن کے اجلاس میں، جس کی صدارت وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو نے کی، بتایا گیا کہ رواں سال جولائی سے ستمبر کے دوران شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ شمالی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش معمول سے کم ہو سکتی ہے جبکہ پورے ملک میں درجہ حرارت بلند رہنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث موسمیاتی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter