اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے رابطے کیے اور عید کی مبارکباد پیش کی ، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس موقع پر وزرائے اعلیٰ نے بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے گورنرز سے بھی رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد دی، اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کو بھی فون کر کے عید کی خوشیاں شیئر کیں۔ تمام رہنماؤں نے وزیراعظم کو بھی عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ٹیلیفون کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
عید کے اس پرمسرت موقع پر وزیراعظم نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، انہیں اور عمانی عوام کو عید کی مبارکباد دی،دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی۔ وزیراعظم نے عمان کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اعتدال پسندانہ کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے سلطان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا، جسے سلطان ہیثم نے قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ دونوں دورے سفارتی ذرائع سے طے شدہ تاریخوں پر کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف مواقع پر علاقائی و بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے اور مسلم دنیا کے درمیان ہم آہنگی کے لیے سفارتی روابط کو ترجیح دی ہے اور عمان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے قریبی اور اعتماد پر مبنی رہے ہیں۔