سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورۂ منیٰ، حجاج کی سہولتوں کا جائزہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مکہ مکرمہ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مکہ مکرمہ کے نواحی علاقے منیٰ پہنچے، جہاں انہوں نے سالانہ حج کے موقع پر حجاج کرام کے لیے کیے گئے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ العربیہ کے مطابق، محمد بن سلمان یہ دورہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے انجام دے رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کی سہولت، ان کی سلامتی اور فراہم کی گئی خدمات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔

latest urdu news

سعودی حکام کے مطابق، اس سال بدھ کے روز ایک ملین سے زائد حجاج کرام اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، بدھ کے دن ہی حجاج کرام منیٰ پہنچے، جہاں وہ شب بھر قیام کے بعد جمعرات کی صبح حج کے سب سے اہم اور مرکزی رکن – وقوف عرفہ کے لیے روانہ ہوئے۔ یوم عرفہ کو حج کا نکتۂ عروج سمجھا جاتا ہے، جس دن لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے عرفات کے میدان میں جمع ہو کر دعا، عبادت اور استغفار میں مشغول ہوتے ہیں۔

دن کے آغاز سے غروب آفتاب تک، حجاج جبلِ عرفات پر ٹھہر کر وہی مناسک ادا کرتے ہیں جہاں نبی کریم ﷺ نے اپنا تاریخی اور آخری خطبہ ارشاد فرمایا تھا، جسے "خطبہ حجۃ الوداع” کہا جاتا ہے۔ اس دن کو اسلامی تاریخ میں نہایت مقدس اور روحانی لحاظ سے انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔

محمد بن سلمان کا منیٰ کا یہ دورہ سعودی حکومت کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت ہر سال حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے جدید سہولیات، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور صحت کے نظام کو فعال رکھا جاتا ہے تاکہ لاکھوں حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

یاد رہے کہ سعودی عرب دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع – حج کی میزبانی کرتا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں مسلمان مختلف ممالک سے آ کر اپنے ایمان کی تجدید کرتے ہیں۔ سعودی حکومت ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ یہ فریضہ امن، سہولت اور نظم و ضبط کے ساتھ ادا ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter