اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی شہ رگ ہے، چند مٹھی بھر دہشت گرد ملک کو غیر مستحکم نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ آپریشن *بنیان المرصوص* کے دوران بلوچستان کو 32 حملوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن جیسے بھارت کو جنگ میں شکست ہوئی، ویسے ہی بلوچستان میں اس کی پراکسیوں کو بھی ناکامی کا سامنا ہوگا، اور وہاں دوبارہ امن بحال ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اُسے جنگی محاذ پر بھی شکست ہوئی اور عالمی سطح پر اس کا بیانیہ بھی ناکام ہوا، یہاں تک کہ خود بھارتی عوام ان سے سوالات کر رہے ہیں۔ انڈیا اپنی ہزیمت چھپانے کے لیے بے بنیاد پراپیگنڈے میں مصروف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا حصہ بنا رکھا ہے، جس کی واضح مثال کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل ہے، بلوچستان میں ’فتنہ الہندوستان‘ فعال ہے، جس کا زندہ ثبوت کلبھوشن یادیو ہے، جو بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر تھا اور خود کو بزنس مین ظاہر کر کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث رہا، کلبھوشن کا اعتراف ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی ریاست خود دہشت گردی کی سرپرست ہے۔
عطاء تارڑ نے بھارت کو ایک مکار اور بزدل دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خطرناک عزائم کی مزید تفصیل اس بیان میں پیش کی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارتی وزراء، خاص طور پر نریندر مودی، اکثر اپنی تقاریر میں بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں، کیونکہ وہاں ان کے ایجنٹس متحرک ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی ادارے ’فتنہ الہندوستان‘ کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کی فوٹیج پاکستان کے میڈیا پر آنے سے پہلے بھارتی میڈیا پر نشر ہو گئی، اور اس حملے پر بھارت میں جشن منایا گیا، چند بلوچ علیحدگی پسندوں کو بھارتی میڈیا نے غیر معمولی کوریج دی، حالانکہ وہ دہشت گرد ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا جھوٹے بیانیے کے لیے فیک نیوز کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر دہشت گرد نور ولی کے حق میں ٹرینڈز چلائے گئے، جو نہایت افسوسناک ہے، بھارتی میڈیا ایسے دہشت گردوں کو ہیرو کے طور پر پیش کرتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران عطاء تارڑ نے ایک ویڈیو بھی دکھائی جس میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے شواہد، نریندر مودی سمیت بھارتی وزراء کے متنازع بیانات اور بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹس کو بے نقاب کیا گیا۔
اختتام پر انہوں نے کہا کہ جس طرح ’آپریشن بنیان المرصوص‘ میں دشمن کے عزائم خاک میں ملائے گئے، اسی طرح بھارت کی پراکسیوں کو بھی مکمل طور پر شکست دی جائے گی اور بلوچستان میں دیرپا امن کا سورج طلوع ہو گا۔