جہلم میں عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تیاریوں کے تحت "پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ” کے عنوان سے آگاہی واک منعقد کی گئی، جس میں طلباء، سول سوسائٹی اور سرکاری اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
جہلم میں عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں "پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ” کے موضوع پر ایک موثر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، اس واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن نے کی، جو ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) جہلم کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔
اس کا بنیادی مقصد شہریوں کو پلاسٹک کی آلودگی کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرنا اور ماحول دوست رویے کو فروغ دینا تھا۔ واک میں طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پلاسٹک کے استعمال میں کمی، ری سائیکلنگ اور ماحول کی حفاظت کے پیغامات درج تھے۔
شرکاء نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف آواز بلند کی اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایک صاف، سرسبز اور پائیدار مستقبل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اسی طرح تحصیل دینہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد کی قیادت میں ایک آگاہی ریلی منعقد کی گئی جس میں ماحولیاتی تحفظ اور خاص طور پر پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کیا گیا۔
صفا عابد نے کہا کہ ماحول کی حفاظت صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کی بھی ہے، اور روزمرہ زندگی میں ماحول دوست تبدیلیاں لانا ضروری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ماحول کے بہتر مستقبل کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ جہلم کو ایک محفوظ اور سبز شہر بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ عالمی یوم ماحولیات ہر سال ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، اور اس کے موقع پر مختلف شہروں میں پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے اور صفائی ستھرائی کی مہمات چلائی جاتی ہیں۔