کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف امن و امان سے متعلق ایک اہم جرگے میں شرکت کے لیے کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کا استقبال قائم مقام گورنر، اسپیکر، اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کیا۔ وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور دیگر حکومتی عہدیدار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کریں گے اور بعد ازاں گرینڈ جرگے میں شرکت کریں گے، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی موجود ہوں گے۔ اس جرگے کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کے علاوہ بلوچستان کے دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت صوبائی وزراء بھی جرگے میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، قبائلی و سیاسی عمائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ بلوچستان کے مختلف مسائل پر ان کی آراء لی جا سکیں اور اعتماد حاصل کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کے لیے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور یہ جرگہ اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔