لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبہ بھر میں مہنگائی کے سدباب کے لئے مؤثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ،جس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلی مریم نوازکی جانب سے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں طور آویزاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے ، ضروری اشیائے خور ونوش کی طلب ورسد کے امور کی کڑی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم کی ذاتی نگرانی کا بھی حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اشیائے ضروریہ کے نرخوں بارے میں روزانہ کی بنیاد پر جامع رپورٹ پیش کرنے ، اشیائے خورو نوش کے نرخ او رمعیار کو ہر صورت یقینی بنانے اور فوڈ اتھارٹی کو کھانے پینے کی اشیاء کا معیار یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم دیا، مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو روٹی اور آٹے کے نرخ پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضا ن المبارک میں پھلوں او رسبزیوں کی فراہمی اور نرخوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی ، پھلوں او رسبزیوں کے نرخ بڑھانے والو ں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے ، رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، تاجر برادری غریب عوام کا احساس کریے۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء کے نرخ کم کئے جاتے ہیں، ہمیں بھی رضا کارانہ طورپر نرخ کم کرنے چاہئیں، ڈیش بورڈ پر روزانہ بار بار اشیاء خورونوش کے نرخ خود چیک کررہی ہوں۔
