اسلام آباد، کنوینئر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں میں ایک سوچ پر اتفاق پیدا ہو، ایک بڑے مقصد کیلئے ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ہمیشہ سڑکوں پر تحریک نہیں چلاتی، تحریک پارلیمنٹ کے اندر بھی چلائی جاسکتی ہے، میرا مشورہ ہے تحریک انصاف سڑکوں کی سیاست سے گریز کرے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا الائنس بنا تو بنیادی اصولوں پر بنے گا، جب قانون کی بالادستی ہوگی تو سب سیاسی لیڈر خود ہی چھوٹ جائیں گے، مشکلات اپوزیشن میں ہوتی ہیں، رگڑا بھی کھانا پڑتا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مینڈیٹ کے بغیر ہے، جب اپوزیشن مضبوط ہوگی تو حکومت گر جائے گی، اپوزیشن الائنس کی تشکیل سے متعلق حتمی وقت دینا مشکل ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ اصلاح کی ضرورت بانی پی ٹی آئی کو ہے، ملک کی معیشت سکڑ رہی ہے، الٹی سیدھی باتیں کر کے حکومت عوام کو دھوکا نہیں دے سکتی۔
کنوینئرعوام پاکستان پارٹی کا کہنا ہے کہ آج قومی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، مذاکرات کیلئے پہل حکومت کو کرنی ہو گی۔
