امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے نائیجیریا میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے ایک اہم رہنما بلال المنوکی کو ہلاک کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ہلاک ہونے والا شدت پسند عالمی سطح پر داعش کا دوسرا بڑا کمانڈر سمجھا جاتا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے یہ آپریشن انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلال المنوکی افریقا میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس کی ہلاکت سے خطے کے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران سے متعلق بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو روکنے کے لیے اگر تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ جاتی تو یہ قابل قبول ہوتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرنے سے گریز نہ کرتا۔
ٹرمپ کا اوباما اور بائیڈن دور سے موازنہ، ایران سے متعلق AI تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ
امریکی صدر نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے اور ایران اسے دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اقدامات جاری رہیں گے۔
