دبئی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری!
ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں قونصلیٹ جنرل نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے ویزا ایمنسٹی اسکیم کے تحت خصوصی تعاون اور خدمات کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کیمطابق یہ اسکیم 1 ستمبر سے شروع ہوکر 31 اکتوبر 2024 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد ایکسپائرڈ ویزا والے رہائشیوں کو ان کی قانونی حیثیت بحال کرنے یا بغیر جرمانے کے پاکستان واپس جانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یو اے ای حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایمنسٹی اسکیم غیر دستاویزی باشندوں، سیاحوں، اور فرار ہونے والوں کو اپنے قیام کو قانونی بنانے یا بغیر سفری پابندیوں کے ملک سے نکلنے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
پاکستانی مشنز نے اس موقع پر امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مدد کے لیے اپنی خدمات کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں۔
پاکستانی سفارتی مشنز نے یو اے ای حکومت کی ایمنسٹی اسکیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل درخواست دہندگان کی متوقع تعداد کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اکتوبر 2024 کے آخر تک ہفتے کے روز بھی کھلے رہیں گے۔
اس دوران دستیاب خدمات میں قومی شناختی کارڈز (NICs) کی تجدید اور اجراء، پاسپورٹ پروسیسنگ، تصدیقی خدمات، اور درست پاسپورٹ کے بغیر ان لوگوں کے لیے ہنگامی سفری دستاویزات کا اجراء شامل ہیں۔
یو اے ای میں تقریباً 1.7 ملین پاکستانی باشندوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے پیش نظر یہ اقدام انتہائی اہم ہے۔
ایمنسٹی اسکیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ ویزوں کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار افراد کو اہم ریلیف ملے گا، انہیں یا تو اپنی قانونی حیثیت کو بحال کرنے یا قانونی نتائج سے بچتے ہوئے پاکستان واپس جانے کی اجازت ملے گی۔
پاکستانی سفارتی مشنز نے اس مشکل وقت میں کمیونٹی کی مدد کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھی پاکستانیوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔