بانی پی ٹی آئی کا کیس روکنے کے لیے مخصوص جج مقرر کیا گیا، علیمہ خان کا الزام

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہائیکورٹ میں ایک خاص جج تعینات کیا گیا ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کا کیس سماعت کے لیے نہ لگنے دیا جائے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہفتے میں صرف ایک بار، محض آدھے گھنٹے کے لیے ملاقات کی اجازت ہے، اور وہ بھی منگل کے روز۔

latest urdu news

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند اور خوش نظر آ رہے تھے، مگر انہیں اس بات کا احساس نہیں کہ باہر موجود ان کے چاہنے والے کتنی پریشانی میں ہیں۔ انہوں نے کان کی تکلیف کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایسی کوئی شکایت نہیں۔

علیمہ خان نے میڈیا پر چلنے والی قیاس آرائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سارا پاکستان بانی پی ٹی آئی کی حفاظت کے لیے کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو کئی مہینوں سے کسی معالج یا ذاتی ڈاکٹر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی زیادہ تر اپنی کتابوں یا اپنے بچوں سے رابطہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج سلمان اکرم راجہ کو اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 14 سال جبکہ ان کی اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں متوقع ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter