اسلام آباد،پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیستان کے شہر مہرستان میں 8 پاکستانی شہریوں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی جاتی ہے، یہ ایک بزدلانہ اور غیر انسانی واقعہ ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔
دہشتگردی پورے خطے کے لیے ایک مستقل اور مشترکہ خطرہ ہے، اس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ممالک کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہوگی۔
ایرانی سفارتخانے نے اس بات پر زور دیا کہ یہ رجحان گزشتہ دہائیوں میں ہزاروں بے گناہ جانوں کا نذرانہ بن چکا ہےاور خطے میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششیں انتہائی ضروری ہیں، ان مشترکہ کوششوں کے ذریعے دہشتگردی کی مختلف اقسام کا قلع قمع کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کے صوبے سیستان کے شہر مہرستان میں دہشت گردوں نے ایک ورکشاپ پر فائرنگ کر کے 8 پاکستانی کار مکینکس کو قتل کر دیا تھا، جن کا تعلق پنجاب کے شہر بہاولپور سے تھا۔