بھارت، بیٹے نے ماں کے علاج میں مشکلات پیدا کرنے کے شبے میں ڈاکٹر پر چاقو سے حملہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ چنئی شہر میں پیش آیا جہاں ایک شخص کی جانب سے ڈاکٹر کو چاقو کے وار سے بری طرح زخمی کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کنچنا نامی خاتون اسپتال میں کینسر کے علاج کیلئے آئی تھی جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا کہ کینسر خاتون کے پھیپھڑوں تک پھیل گیا ہے جس سے خاتون کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔
خاتون کے بیٹے وگنیش نے اپنی ماں کو پرائیوٹ اسپتال میں داخل کروا دیا لیکن اس نے ماں کے علاج میں مسائل پیدا کرنے کا ذمہ دار ڈاکٹر بالاجی کو ٹھہرایا اور اس سے بدلہ لینے کی ٹھان لی۔
وگنیش، ڈاکٹر سے مریض بن کر ملا اور کمرہ بند کرکے ڈاکٹر پر چاقو سے حملہ آور ہوگیا جسکے باعث ڈاکٹر کی گردن، کان اور سر پر شدید زخم آئے، حملہ کرنے کے بعد وگنیش نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسے پکڑ کے سکیورٹی کے حوالے کردیا گیا۔