پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پختونخوا حکومت ہنگامی بنیادوں پر وفد افغانستان بھیجنا چاہتی ہے ، وفاق افغانستان سے بات چیت کے لیے ٹی او آرز جلد منظور کرے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کی جانب سے اپنے بیان میں کہاگیا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہنگامی بنیادوں پر وفد افغانستان بھیجنا چاہتی ہے، لہذا وفاق خیبرپختونخوا کے ٹی او آرز کی منظوری میں مزید تاخیر سے گریز کرے ۔
مشیر اطلاعات پختونخوا کا کہنا ہے کہ اپنے عوام کے جان و مال کی حفاظت خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، وفاق دہشتگردی جیسے اہم مسئلے پر سیاست کرنے سے گریز کرے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق کو پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کے بیرونی دوروں پر کوئی اعتراض نہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز بھارت سے اسموگ ڈپلومیسی کر سکتی ہیں تو دہشتگردی جیسے اہم مسئلے پر خیبر پختونخوا حکومت کی افغانستان سے بات چیت میں کیا حرج ہے؟ وفاق کی دوغلی پالیسی سے صوبے کا احساس محرومی مزید بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبہ بھر میں مہنگائی کے سدباب کے لئے مؤثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ،جس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔
