کوئٹہ ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، امن ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے نوشکی-دالبندین شاہراہ پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کو کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی، معصوم شہریوں کی جان لینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر اقدام کیا جائے گا، بلوچستان کا ہر شہری شہداء کے خون کا مقروض ہے اور ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
