پاکستان نے بھی بھارت کی کسی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے سرحد پار سینکڑوں اہداف کی نشاندہی کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے حملے کی صورت میں ان اہداف کو چند منٹوں میں نشانہ بنایا جائے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے متعلقہ ذرائع نے واضح کیا کہ حالیہ کشیدگی کی ابتداء پاکستان نے نہیں کی، اور نہ ہی پہلگام واقعے میں پاکستانی ریاست کا کوئی کردار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کسی پاکستانی غیر ریاستی عنصر کے اس واقعے میں ملوث ہونے کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ملک میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مزید 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے (این ڈبلیو ڈی) میں 25 سے 27 اپریل کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 54 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کی تسلسل میں 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب حسن خیل، شمالی وزیرستان اور پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب ایک منظم کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مزید 17 دہشت گرد موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔