پاراچنار اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کے پانچ مختلف حملوں میں 5 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
جمعرات کو پاراچنار کے نستی کوٹ گاؤں میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او روضہ سٹیشن قیصر حسین شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی میں بھاری نفری شریک تھی، تاہم ڈی پی او کرم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بریفنگ جاری نہیں کی گئی۔ علاقے میں گزشتہ دو روز کے دوران نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو شہری قتل ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق اپر دیر میں پولیس موبائل پر حملے میں 3 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، لوئیر دیر کے علاقے لاجبوک میں پولیس چوکی پر حملے میں ایک کانسٹیبل شہید ہوا، جبکہ پشاور کے تھانہ حسن خیل پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔ پشاور میں دو دیگر چوکیوں پر حملے ناکام بنائے گئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق پشاور کے ناصر باغ میں پولیس پوسٹ سخی پل، بنوں میں خوجڑی اور مزنگا پولیس پوسٹس، اور چارسدہ و ٹانک میں چوکیوں پر حملے بھی فورسز اور عوام کے تعاون سے پسپا کر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا گیا اور پولیس جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر وقت الرٹ ہے۔ آئی جی نے مقامی عوام کے تعاون اور پولیس کے حوصلے کو اصل طاقت قرار دیتے ہوئے بروقت کارروائیوں پر فورس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔