ہفتہ, 3 مئی , 2025

پہلگام حملہ: پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کیلئے عالمی برادری متحرک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی قوتیں سرگرم ہو گئی ہیں، متعدد ممالک نے دونوں فریقین کو تحمل سے کام لینے اور سفارتی راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعات کو پرامن طور پر حل کریں اور کشیدگی کو مزید نہ بڑھائیں۔

latest urdu news

کویت نے بھی اپنے ردعمل میں دونوں ممالک کو تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔

ادھر گزشتہ رات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کرے۔

اس سے پہلے ایران نے بھی ثالثی کی پیشکش کی تھی، جبکہ ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر پاکستانی عوام سے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
چین نے بھی اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں مکمل طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

دوسری جانب پہلگام واقعے کے بعد بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے اور مودی حکومت نے اپنی روایتی انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرحدی علاقوں سے آبادی کو منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے پہلگام سانحے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بلا جواز الزام تراشی کے لیے میڈیا پر منفی مہم چلائی، جس کے بعد اب سرحدی دیہات کو خالی کرایا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز نے سامبا، کٹھوا اور اکھنور سیکٹر کے متعدد دیہات خالی کروا لیے ہیں، اس سے پہلے اٹاری سیکٹر میں بھی گرودواروں کے ذریعے اعلانات کروا کر کسانوں کو جلد فصلیں کاٹنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter